site
stats
پاکستان

شرجیل میمن کی گرفتاری دیکھ کر نوازشریف پاکستان نہیں آئے، اعتزاز احسن

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کی تصاویر دیکھ کر نوازشریف نے وطن واپسی کا منصوبہ ترک کیا ورنہ وہ سعودی عرب سے پاکستان واپس آتے، سابق نااہل وزیراعظم کی اب کوئی مدد نہیں کرے گا۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف شرجیل میمن کی گرفتاری اور حالت دیکھ کر گھبرا گئے ہیں اور اب وہ وطن واپس نہیں آرہے، این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نوازشریف کس سے این آر او کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو این آر او شاہد خاقان عباسی سے کرنا ہوگا کیونکہ صورتحال یہ ہے کہ وزیراعظم کو ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وقت مانگنا پڑتا ہے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کیس چیئرمین نیب کے لیے بڑا امتحان ہیں کیونکہ کرپشن کیسز میں دوہرا معیار اپنایا جارہا ہے، نوازشریف فرد جرم عائد ہونے کے باوجود گرفتار نہیں ہوئے جبکہ شرجیل میمن پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ نوازشریف اپنے زوجہ کلثوم نواز کی طبیعت ناسازی کے باعث لندن میں مقیم تھے  گزشتہ دنوں وہ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئے جس کے بعد انہیں پاکستان واپس آنا تھا تاہم انہوں نے اپنا وطن واپسی کا فیصلہ ملتوی کیا اور واپس لندن روانہ ہوگئے۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top