راولپنڈی : سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے قربانیاں دیتا آیا ہے اور پُرامن افغانستان سب سے زیادہ پاکستان کے حق میں ہے.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ سے افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال آج جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا.
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس اہم ملاقات میں خطے میں قیام امن، دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افغان سفیر نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تعاون میں بہتری پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے امریکی صدر نے نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کیا تھا اور افغانستان میں امن کی بگڑتی صورت حال کو پاکستان سے جوڑا تھا جس پر پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ حکام نے امریکا سے شدید احتجاج کیا تھا.