منگل, دسمبر 10, 2024
اشتہار

افغان ڈاکو قسمت خان کے بیان پر پولیس اہلکار اویس تنولی معطل (ملزمان کے ٹک ٹاک ویڈیوز)

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ لطیف سے گرفتار افغان ڈکیت گروہ کے رکن قسمت خان کے بیان کے بعد پولیس حکام نے ایکشن لیتے ہوئے اہلکار اویس تنولی کو معطل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے سیکٹر 22 میں ’گپ شپ ہوٹل‘ سے تین ملزمان فضل، قسمت خان اور اعظم حسین کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 پستول، 5 موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی تھی۔ ملزمان ہوٹل پر کھانا کھانے کے لیے پہنچے تھے کہ پولیس بھی پہنچ گئی، جنھیں دیکھ کر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

دوران تفتیش ملزمان نے اہم انکشاف کیے اور بتایا کہ وہ افغان باشندے ہیں اور افغان ڈکیت گروہ بنا رکھا ہے، جو کراچی پولیس کے لیے نفرت رکھتے ہیں، اور پاکستان مخالف ٹک ٹاک بناتے ہیں۔ مرکزی ملزم قسمت خان نے بتایا کہ اس کا تعلق افغان علاقے غزنی کٹاواز سے ہے، اس نے انکشاف کیا کہ ’’اس نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے کلاشنکوف اویس نامی پولیس اہلکار سے لی تھی، اویس عوامی کالونی تھانے میں تعینات ہے۔‘‘

- Advertisement -

اس بیان کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے پولیس اہلکار اویس تنولی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے معطل کر دیا، اور اس کے خلاف انکوائری کا بھی حکم دے دیا، پولیس حکام کے مطابق اہلکار اویس تنولی عوامی کالونی تھانے کی چوکی پر تعینات ہے، اور بھینس کالونی چوکی پر ڈیوٹی دیتا ہے، ملزم نے اویس کے سرکاری کلاشنکوف سے ٹک ٹاک بنائی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق شاہ لطیف سے گرفتار ڈکیت کئی سالوں سے کراچی میں رہائش پذیر ہیں، فضل کا تعلق افغان صوبے پکتیا سے ہے، جب کہ اعظم حسین کے مطابق وہ مانسہرہ کا رہائشی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کراچی شہر سمیت اندرون سندھ میں ہونے والی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان نے حافظ سوئٹس پر 37 لاکھ کی ڈکیتی کی تھی، جس میں ان کا ایک ساتھی اعظم گرفتار بھی ہوا تھا، ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق ملزمان کے موبائل فون سے اشتعال انگیز مواد برآمد ہوا ہے، جس سے پتا چلا ہے کہ ملزمان کراچی پولیس کے لیے شدید نفرت رکھتے ہیں۔

ایک ویڈیو میں افغان ڈاکو اپنے ہی ساتھی کو پولیس یونیفارم پہنا کر بدترین تشدد کرتے ہوئے ٹک ٹاک بنا رہے ہیں، دوسری ویڈیو میں افغان ڈاکو قسمت خان پاکستان مخالف باتیں کر رہا ہے، تیسری ویڈیو میں ملزمان ہتھکڑی اور پستول لے کر ناچ رہے ہیں، چوتھی ویڈیو میں قسمت خان کلاشنکوف کے ہمراہ ٹک ٹاک بنا رہا ہے۔

گرفتار ملزم کی ڈیفنس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں ملزم کو سڑک پر گاڑیاں روک کر لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں پولیس اہلکار ہوٹل پہنچنے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے پولیس موبائل میں بٹھا رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں