تازہ ترین

افغانستان، بم دھماکے میں انتخابی امیدوار سمیت 3 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبے ہلمند میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں انتخابی امیدوار سمیت 3 افراد ہلاک 7 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں بم دھماکے میں انتخابی امیدوار عبدالجبار سمیت 3 افراد ہلاک 7 زخمی ہوگئے، دھماکا انتخابی امیدوار عبدالجبار کے دفتر میں ہوا، دھماکا خیز مواد ان کی کرسی کے نیچے رکھا گیا تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل افغانستان کے دو صوبوں میں طالبان کے حملوں کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ پولیس چیف سمیت 22 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان، طالبان کے حملوں میں 22 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

افغانستان کے صوبے تخار کے ضلع رستاق میں انتخابی ریلی کے دوران موٹرسائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ طالبان نے یہ حملے ایسے وقت کیے ہیں کہ جب افغانستان میں 20 اکتوبر کو ہونے والی پارلیمانی انتخابات میں صرف تین روز رہ گئے ہیں۔

طالبان قیادت نے گزشتہ ہفتے افغان عوام سے کہا تھا کہ وہ ان انتخابات کا بائیکاٹ کریں جنہیں طالبان کے بقول امریکا افغانستان میں اپنی موجودگی کا جواز حاصل کرنے کے لیے انعقاد کرارہا ہے۔

Comments

- Advertisement -