پشاور : کمسن بچیوں کو اغواء کرکے ان سے بھیک منگوانے والے گروہ کے چار کارندوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کمسن بچیوں کے اغواء کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے چار کارندوں کو حراست میں لے لیا، ملزمان کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے جنوبی اضلاع سے بچیوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والا افغان گروہ پکڑا گیا، گلبہار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2خواتین سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس پی سٹی وقارعظیم نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان مغوی بچیوں سے گداگری کرواتے تھے، اس کے علاوہ لاکھوں روپے کے عوض بچیوں کی خریدوفروخت میں بھی ملوث ہیں۔
ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان سے صدہ پارا چنار سے اغوا کی گئی ایک بچی بازیاب کرالی گئی ہے،11ماہ پہلے اغوا کی گئی بچی کو والدین کے حوالے کردیا گیا ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔