کابل: افٖغانستان میں طالبان کی جانب سے متعدد دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 16 افغان سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم جوابی کارروائی میں 37 عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان کے تین مخلتف صوبوں میں حملے کئے گئے جن میں صوبہ غزنی، قندھار، اور اروزگان شامل ہے، جس کے نتیجے میں سولہ افغان سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تاہم اہلکاروں نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے باعث 37 شدت پسند ہلاک ہوئے۔
صوبے غزنی کی پولیس کے نائب سربراہ رمضان علی موسینی کا واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ ضلع اجرستان میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 9 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور سات دیگر شدید زخمی ہوئے جبکہ اجرستان میں ہونے والی ایک جھڑپ میں پچیس عسکریت پسند بھی مارے گئے۔
افغانستان: طالبان کا حملہ، 11 پولیس اہلکار جاں بحق، 2 زخمی
رمضان علی موسینی کا مزید کہنا تھا کہ باقی دو میں سے ایک حملہ قندھار کے ایک ضلع معروف میں کیا گیا جس میں 5 پولیس اہلکار مارے گئے، اس حملے میں بارہ طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ تیسرا حملہ صوبے اُرُوزگان میں کیا گیا جہاں دو پولیس اہلکار مارے گئے۔
خیال رہے کہ طالبان کے زیر اثر افغانستان کے مختلف علاقوں میں ان دونوں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مقامی پولیس اور افغان فورسز کی پیشہ ورانہ خدمات پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔
افغانستان: طالبان کا حملہ، گورنر سمیت درجنوں جاں بحق، علاقے پر قبضہ
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان کے صوبے ہرات میں طالبان جنگجوؤں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 11 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔