بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

افغان ڈکیت گروہ سرغنہ سمیت گرفتار، اسلحہ فیس بک کے ذریعے منگوانے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی میں ایک افغان ڈکیت گروہ کو سرغنہ سمیت پکڑ لیا ہے، جن سے تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان اسلحہ فیس بک کے ذریعے درہ آدم خیل سے منگواتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور ایسٹ پولیس کی انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی ایک کارروائی میں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے افغان ڈکیت گروہ کے 3 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار ہو گئے، جن میں جان آغا، امید گل عرف لغمانی اور عبدالرحمان شامل ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ڈکیتیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا، یہ ملزمان اسٹریٹ کرائم کی 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، انھوں نے دوران ڈکیتی 3 سے زائد شہریوں کو زخمی بھی کیا۔

- Advertisement -

ملزمان نے اسلحہ درہ آدم خیل سے فیس بک کے ذریعے منگوانے کا انکشاف کیا، معلوم ہوا کہ ملزم جان آغا ڈکیتیوں کے لیے کئی مرتبہ اسلحہ منگوا چکا ہے، وہ سرغنہ کے طور پر گروپ آپریٹ کرتا ہے، اور متعدد بار گرفتاری کے ڈر سے ایران میں روپوشی کاٹ چکا ہے، جان آغا کچھ عرصے بعد کراچی واپس آ کر دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتا تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان نے شہریوں سے چھینے گئے موبائل افغانستان فروخت کے لیے لے جانے کا بھی انکشاف کیا، یہ بھی معلوم ہوا کہ جان آغا اور اس کے ساتھی اس سے پہلے بھی جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جب کہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں