باجوڑ(16 مارچ 2026): باجوڑ کے سرحدی علاقے سالرزئی میں افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 بھائی شہید ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے سالرزئی کے علاقے میں توپ خانے اور مارٹر گولوں سے آبادی کو نشانہ بنایا۔ ایک مارٹر گولا گھر پر گرنے سے چار بھائی ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ شہید ہو گئے، جبکہ ایک 5 سالہ بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔ اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پاک فوج نے افغان طالبان کی چوکیوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بناتے ہوئے بھرپور اور منہ توڑ جوابی کارروائی کی ہے، جس میں سرحد پار شرپسندوں کو بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات ملی ہیں۔
اسلام آباد میں حکام نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ "آپریشن غضب للحق” کی کامیابی سے دہشت گرد اور ان کے سہولت کار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اور اس حملے نے "فتنہ الخوارج” اور افغان طالبان کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


