کابل : پاکستانی سفیر کو افغان دفتر خارجہ طلب کرکے بارڈر سیل ہونے پر شکوہ کیا گیا۔ پاکستانی سفیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانی وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیرابرارحسین کو طلب کرکے پاک افغان بارڈر بند کرنے کا شکوہ کیا اور کہا کہ سرحد بند ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
افغان حکام کے شکوے کے جواب میں ابرارحسین نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاک افغان سرحد دہشت گردو ں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے بند کی گئی ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا ہے۔ لہٰذا پاکستان میں دہشت گردی کےخاتمے کے لیے بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد سے بچنے کیلئے پاکستان میں موجود دہشت گرد بھاگ کر افغانستان نہیں جا سکتے۔