تازہ ترین

روس افغان طالبان کو اسلحہ فراہم کررہا ہے، امریکہ کا الزام

واشنگٹن : افغانستان میں متعین امریکی افواج کے سربراہ جنرل جان نکولسن نے کہا ہے کہ روس نہ صرف افغان طالبان کی مدد کر رہا ہے بلکہ انہیں جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ روس کا مؤقف ہے کہ الزام میں کوئی صداقت نہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں امریکی افواج کے سربراہ جنرل جان نکولسن نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ روس افغانستان میں موجود طالبان کو جدید اسلحہ اور جنگی سامان فراہم کررہا ہے تاہم ان کا کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس کی تعداد نہیں بتا سکتے۔

امریکی جنرل کے مطابق انہوں نے روسیوں کی جانب سے امریکی افواج غیر مستحکم کرنے والی سرگرمیاں دیکھی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ روسی ہتھیاروں کو تاجکستان کی سرحد سے اسمگل کیا جا رہا ہے، جو افغان طالبان کو فراہم کیا جاتا ہے۔

جنرل جان نکولسن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس طالبان کی جانب سے لکھا جانے والا ایسا مواد موجود ہے جو میڈیا میں شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دشمن نے ان کی مالی مدد کی، ہمارے پاس وہ ہتھیار بھی ہیں جو ہمیں افغان رہنماؤں نے دیئے ہیں اور یہ ہتھیار روسیوں نے طالبان کو فراہم کیے، ہمیں یقین ہے اس میں روسی حکام ملوث ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکہ افغانستان میں داعش کواسلحہ فراہم کررہا ہے‘ حامد کرزئی

دوسری جانب روسی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے افغان طالبان کو اسلحہ فراہم کیے جانے کا الزام بے بنیاد ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

Comments

- Advertisement -