کراچی (5 جون 2026): کرکٹ میں دو طرفہ سیریز کی میزبانی یا تو میزبان ملک کرتا ہے یا پھر نیوٹرل مقام لیکن کرکٹ میں پہلی بار مہمان ٹیم اپنی ہی سر زمین پر مہمان ہوگی۔
جب سے کرکٹ شروع ہوئی تب سے باہمی سیریز کا سلسلہ جاری ہے اور اس میں ہمیشہ دو ممالک میں ایک ملک میزبان اور دوسرا مہمان ہوتا ہے۔ میزبان ملک ہمیشہ سیریز کی میزبانی کرتا ہے۔
تاہم حالیہ ایک ڈیڑھ دہائی سے کچھ مخصوص حالات کی وجہ سے کئی سیریز نیوٹرل وینیو پر ہوئیں جیسا کہ پاکستان نے اپنی کئی سیریز بطور میزبان یو اے ای میں کھیلیں۔
تاہم افغانستان اور بھارت کے درمیان رواں برس ستمبر میں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کا میزبان افغانستان ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ افغانستان ٹیم بھارت جا کر بھارتی ٹیم کی میزبانی کرے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان اور انڈیا کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے میچز 13، 16 اور 19 ستمبر کو دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں متوقع ہیں۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان اس سیریز کے انعقاد پر اتفاق ہو چکا ہے۔ باضابطہ اعلان چند انتظامی معاملات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے افغانستان کرکٹ بورڈ اور دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کیا جس کے بعد دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم کو اس سیریز کے لیے افغانستان کا ہوم گراؤنڈ مقرر کیا گیا۔
واضح رہے کہ افغانستان کئی برسوں سے اپنی بین الاقوامی باہمی سیریز کی میزبانی بھارت، یو اے ای اور دیگر نیوٹرل گراؤنڈز پر کرتا ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع ہوگا جب افغانستان باضابطہ طور پر انڈیا کے خلاف میزبان ٹیم کی حیثیت سے سیریز کھیلے گا اور وہ بھی بھارتی سر زمین پر۔


