جمعہ, مارچ 13, 2026
اشتہار

’ہو سکتا بانی پی ٹی آئی کی بینائی زیادہ کتابیں پڑھنے سے متاثر ہوئی‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (12 فروری 2026): (ن) لیگی سینیٹر افنان اللہ خان کا کہنا ہے کہ ہو سکتا بانی پی ٹی آئی عمران خان زیادہ کتابیں پڑھ رہے ہیں اس لیے بینائی متاثر ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ ڈاکٹرز کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلیے پمز لے جایا گیا، عمران خان نے جب شکایت کی تو پہلے جیل میں علاج کی کوشش کی گئی پھر ڈاکٹر کے مشورے پر ان کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

افنان اللہ خان نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں کھانے سمیت دیگر سہولیات دی جا رہی ہیں، یہ درست ہے کہ ان کا ٹی وی خراب ہے جسے ٹھیک کروا لیا جائے گا، ہماری خواہش ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں صحت مند رہیں، ہم ایسا نہیں کہہ رہے کہ ان سے سہولتیں لے لیں گے، ان کو جیل میں جو سہولتیں دی جا سکتی ہیں دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’بانی پی ٹی آئی بینائی سے محروم ہو گئے‘

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی بینائی متاثر ہونا کوئی قاتلانہ حملہ نہیں ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کے مسئلے سے زندگی کو خطرہ لاحق تھا، ان کی طبیعت زیادہ خراب تھی اس لیے علاج کیلیے باہر بھیجا گیا۔

’عمران خان کو جیل میں لائبریری سمیت تمام سہولیات میسر ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا علاج کریں گے اور ان کا خیال بھی رکھیں گے۔ ان کی جتنی ملاقاتیں ہوئی ہیں پہلے کسی سابق وزیر اعظم کی نہیں ہوئیں۔‘

(ن) لیگی سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے مشروط طور پر عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی تھی، عدالت نے کہا تھا کہ ملاقات کے بعد فلاں فلاں کام نہیں کرنا، بانی پی ٹی آئی کی ملاقات روکی گئی تو اس کے پیچھے وجوہات تھیں۔

افنان اللہ خان نے کہا کہ ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بہتر ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں