لاہور: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے اندرونی تنازعات اوراختلافات کھل کرسامنے آگئے۔
اے آروائی نیوزکے نمائندے شہزاد ملک کے مطابق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اوروہ ٹیم کے کچھ سینئر کھلاڑیوں پربرس پڑے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے کچھ سینئرکھلاڑیوں پر الزام عائد کیا کہ ’’ان کےخلاف سازش کے تحت جان بوجھ کرخراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا‘‘۔
شاہد آفریدی نے بلے باز عمر اکمل کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سفارشی قراردیا اورکہا کہ ’’عمر اکمل نے عمران خان سے شکایت کی تھی وہ تیسرے نمبرپرکھیلنا چاہتے ہیں‘‘۔
پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ میں خراب کارکردگی کے خلاف پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی پہلے ہی تحقیقات کررہی ہے اوراب یہی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی خراب کارکردگی کی تحقیقات کرے گی۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد نیشنل سلیکشن کمیٹی میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات قومی ٹیم شرجیل خان کی 47 رن کی شاندار اوپننگ کے باوجود نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچارہوگئی۔