کراچی: پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے نیوزی لینڈ سے عبرت ناک شکست کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دے دیا ہے۔
جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی پہلے ٹیسٹ میں اچھی فائٹ کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کے نتیجے کو نہایت خراب قرار دیا۔
شاہد آفریدی نے لکھا ’نیوزی لینڈ کو نمبر ون ٹیسٹ بننے پر مبارک باد، کین ولیمسن اور ٹیم نے زبردست پرفارمنس دکھائی، پہلے ٹیسٹ میں اچھے مقابلے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں کارکردگی پر مایوسی ہوئی۔‘
قومی ٹیم بری طرح ناکام، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا
شاہد آفریدی نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں زندہ رہنے کے لیے کھلاڑیوں کو ہمت اور صلاحیت کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے، نیوزی لینڈ میں اس کے نتائج بہت خراب رہے۔
Congratulations to NZ for becoming #1 Test team, great performance by @KanyWilliamson & team. Really disappointing to see the performance in 2nd Test after a good fight in 1st Test.The players need to apply talent& courage to survive in Test cricket.The results in NZ r very poor.
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) January 6, 2021
واضح رہے کہ پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رن کی شکست کے بعد نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں 2 صفر سے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ہے، کرائسٹ چرچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
آج چوتھے روز کائل جیمی سن نے تباہی مچا دی، ٹاپ آرڈر، مڈل آرڈر سب نے ہتھیار ڈال دیے تھے، شان مسعود صفر، عباس 3، حارث 15، فواد 16، رضوان 10 رنز بنا کر ہمت ہارگئے، اظہر علی اور ظفرگوہر 37 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی کیویز کے خلاف یہ دوسری بڑی ناکامی ہے۔
چھ فٹ آٹھ انچ قامت کے جیمی سن 11 وکٹیں لے کر میچ کے ہیرو بن گئے، جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم بھی بن گئی۔