قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ٹیم کی ناکامیوں کا ذمہ دار سلیکشن کمیٹی کو قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کی ذمہ داری سلیکشن کمیٹی پر عائد ہوتی ہے، کمیٹی میں شامل افراد نے خود بہت کرکٹ کھیلی ہے مگر اس کے باوجود انہیں یہ اندازہ نہیں کہ کس فارمیٹ کے لیے کون سا کپتان موزوں ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں اچھا ریکارڈ رکھنے والے سینئر کھلاڑیوں کو بھی نظر انداز کیا گیا، حالانکہ انہیں ٹیم میں برقرار رکھا جانا چاہیے تھا۔
یہ پڑھیں: شاہین آفریدی نے بنگلہ دیش سے شکست کی وجہ بتا دی
آفریدی نے کہا کہ ٹیم میں مسلسل تبدیلیاں اور مبینہ طور پر سرجری کے نام پر تجربات ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں، ایسے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جا رہا ہے جنہوں نے ڈومیسٹک یا فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہت کم میچز کھیلے ہیں۔
سابق آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار اتنا بلند نہیں کہ وہاں سے آنے والے کھلاڑی فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر اپنی جگہ پکی کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بار بار نئے کھلاڑیوں کو کیپ دینا دراصل مسئلے کا حل نہیں بلکہ ٹیم کے استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


