پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اوپنر ناصر جمشید کو بالآخر 7 سال بعد اپنی غلطی کا ادراک ہو گیا اور غلطی تسلیم کرتے ہوئے اپنے کیے پر معافی مانگ لی۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اوپننگ بلے باز ناصر جمشید جنہیں پی ایس ایل اور بی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 10 سال کی پابندی کا سامنا ہے کو بالآخر 7 سال بعد اپنا جرم یاد آ گیا اور انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے شائقین کرکٹ اور پرستاروں سے معافی مانگ لی ہے۔
ناصر جمشید نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپنے کیریئر کے ساتھ جو کچھ انہوں کیا اس پر وہ خود کو کبھی معاف نہیں کر سکیں گے اور وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہیں۔
سابق کرکٹر نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی ٹریننگ کی ویڈیو بھی پوسٹ کی اور لکھا کہ وہ اپنا ٹیلنٹ بیٹی کو منتقل کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ناصرجمشید پر 2017 میں پی ایس ایل میں فکسنگ پر اکسانے کے الزامات پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، اگست 2018 میں ان پر انڈیپینڈنٹ اینٹی کرپشن ٹریبونل نے دس سال کی پابندی عائد کردی تھی، فروری 2020 میں انہیں 17 ماہ کے لیے برطانیہ میں جیل ہوئی تھی۔