ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے دوران پاکستان کو اہم فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کے بعد ٹیم کا ایک اور کھلاڑی زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گیا۔
گزشتہ روز بھارت نے بارش سے متاثرہ ایشیا کپ کے میچ میں روایتی حریف پاکستان کو 228 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ میچ میں یہ بڑی شکست کی بڑی وجہ جہاں پاکستانی بیٹنگ اور بولنگ کی ناکامی ہے وہیں میچ کے دوران قومی فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کے زخمی ہونے سے بھی ٹیم کو نقصان پہنچا۔ دونوں اپنے کوٹے کے اوور بھی پورے نہ کرسکے۔
تاہم پاکستان کرکٹ کے شائقین کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ ٹیم کے ان دونوں مرکزی بولرز کے بعد نوجوان آل راؤنڈر سلمان علی آغا بھی زخمی ہوکر راتے گئے کولمبو کے اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
بھارت کے خلاف بیٹنگ کے دوران سوئپ کرتے ہوئے کلدیپ یادیو کی گیند سلمان آغا کی آنکھ کے قریب لگی تھی اور ان کے چہرے کا ماسک پھٹ گیا تھا۔ اس موقع پر ٹیم کے ڈاکٹر نے انہیں گراؤنڈ میں طبی امداد فراہم کی تھی اور انہوں نے اپنی اننگ جاری رکھی تھی تاہم وہ جلد آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ آئے تھے۔
اب ذرائع نے بتایا ہے کہ رات گئے سلمان علی آغا کو تکلیف بڑھنے کے باعث اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا اسکین اور دیگر ضروری ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
بھارت سے پاکستان کی شرمناک ہار پر شاہد آفریدی بھی سیخ پا
سلمان اگلے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا تاہم اطلاعات کے مطابق حارث اور نسیم شاہ کے ایشیا کپ کا اگلا میچ کھیلنے کا امکان کم ہے۔