ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف افتخار احمد کی سنچری سے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر میں سنچری کا 4 سال قحط کا خاتمہ ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان نے نیپال کو 238 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ گرین شرٹس کے 342 رنز کے جواب میں نیپالی ٹیم 104 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ میچ کی خاص بات کپتان بابر اعظم کی ریکارڈ ساز سنچری کے ساتھ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد کی بھی شاندار سنچری تھی۔
جہاں بابر اعظم نے اس میچ میں سنچری اسکور کرکے سب سے کم ون ڈے میچوں میں 19 سنچریاں بنانے کا ہاشم آملہ کا ریکارڈ اپنے قبضے میں لیا وہیں افتخار احمد نے مڈل آرڈر میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرکے اس پوزیشن پر سنچری کے چار سالہ قحط کا خاتمہ کیا۔
پاکستانی ٹیم کے کسی مڈل آرڈر بیٹر کی جانب سے اپریل 2019 میں آخری بار سنچری بنائی گئی تھی۔ اس عرصے کے دوران قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بابر اعظم، فخر زمان اور امام الحق نے مجموعی طور پر 22 سنچریاں اسکور کیں۔
افتخار احمد کا ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرنے پر جذباتی پیغام
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افتخار احمد نے نمبر 6 پر بیٹنگ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جو مڈل آرڈر بیٹر کی ون ڈے میں پہلی سنچری تھی۔