اسلام آباد : این سی سی آئی کے بعد پولیس اورایف آئی اے اہلکار بھی بھتہ لینے میں ملوث نکلے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی کے بعد پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں پر بھتہ لینے کے سنگین الزامات سامنے آ گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملوث اہلکاروں میں اے ایس آئی فخر، کانسٹیبل زربادشاہ اور ایف آئی اے اہلکار سعادت شامل ہیں۔
پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ نون میں مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے اور عدالت سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ملزمان نے سوات کے رہائشی سعداللہ سے دو کروڑ روپے بطور بھتہ وصول کیے، سعداللہ راولپنڈی سے طلائی زیورات لے کر واپس جا رہا تھا کہ ملزمان نے اسے اغوا کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے شہری کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر گاڑی میں گھماتے رہے اور بعد ازاں دو کروڑ روپے چھین لیے۔
مقدمے کے متن میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ شہری کو غیر قانونی حبس بے جا میں رکھا گیا اور اس پر تشدد بھی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


