پشاور (19 اکتوبر 2025): علی امین گنڈاپور گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ سے ضرور فارغ ہوئے مگر وہ کہاں ہیں جان کر حیران رہ جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ کے منصب سے مستعفی ہو گئے اور صوبے کا نظم ونسق سہیل آفریدی نے سنبھال لیا ہے۔
تاہم علی امین گنڈاپور وزارت اعلیٰ سے فراغت کے بعد بھی اپنی حس مزاح، زندہ دلی اور اپنے مشاغل اور دلچسپیوں میں کوئی اثر نہ آنے دیا۔ انہوں نے حکومت کی ذمہ داری سے فراغت کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کا رخ کیا اور آج کل وہ اپنے فارم میں وقت گزار رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور جو ماہر نیزہ باز بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے شوق کی تسکین کے لیے مختلف نسلوں کے گھوڑوں کی وسیع کلیکشن بھی رکھی ہوئی ہے۔ ان کے پاس 80 سے زائد گھوڑے ہیں، ان میں بونے قد کے پونی گھوڑے بھی شامل ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کو گھڑ سواری کے ساتھ ساتھ کبوتر بازی کا بچپن سے شوق ہے اور وہ بتاتے ہیں کہ اگر آسمان پر 150 کبوتر بھی اُڑ رہے ہوں تو وہ گن کر بتا سکتے ہیں۔
اس فارم میں ان کے حلقے کے لوگ بھی علی امین گنڈاپور سے ملاقات کے لیے آتے اور اپنے مسائل انہیں بتاتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ کے پی نے اپنے گھر میں ہی ایک نیا جہان آباد کر رکھا ہے۔ جہاں اسمبلی اجلاسوں کی گونج اور سیاسی شور شرابوں کے برعکس گھوڑوں کی ٹاپوں اور پرندوں کی چہچہاہٹ سنائی دیتی ہے۔


