اسلام آباد: مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ تمام صوبوں میں قبضے کی زمینیں خالی کرائی جا رہی ہیں، جن پر درخت لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں میں قبضے سے چھڑائی گئی زمینوں پر درخت لگائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ 10 ملین ٹری منصوبے میں تمام صوبوں کو شامل کریں گے، وزیر اعظم کے کلین گرین پاکستان وژن کو ترویج مل رہی ہے۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے خیبر پختون خوا میں ایک ارب پودے لگائے گئے، کے پی کا بلین ٹری سونامی عالمی سطح کے منصوبوں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ :گھر بنانے والے ہر شہری کیلئے 2درخت لگانا لازمی قرار
مشیر ماحولیات نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس طرز کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں، وزیر اعظم کی ہدات پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے خصوصی بجٹ مختص کیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ معیشت، سماجی ترقی اور ماحولیاتی ترجیحات پائیدار ترقی کے لیے نا گزیر ہیں، ہم ماحولیات کے تحفظ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
یاد رہے کہ مئی میں لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے نئی ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں گھر بنانے والے ہر شہری کے لیے دو درخت لگانا لازمی قرار دے دیا تھا۔