اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کےجنرل سیکریٹری انتونیوگوتریس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران کرونا کے اثرات اور حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دنوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں وبائی مرض پر قابو پانے سے متعلق بات چیت ہوئی، دنیا بھر میں کروناوائرس سے ہونے والی اموات پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ کی کروناوائرس سے متعلق تجویز پر اتفاق کا اظہار کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد موجودہ صورت حال ایک چیلنج ہے۔
وزیر خارجہ کا دبئی سے پاکستانیوں کی بروقت واپسی پر یو اے ای کا شکریہ
قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی ایئرپورٹ سے پاکستانیوں کی بروقت واپسی پر یو اے ای کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اماراتی حکام کے اقدامات کو سراہا ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کے وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زید سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کورونا وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مل کر وبائی مرض کے خلاف لڑنے پر اتفاق کیا۔