تازہ ترین

امریکی حکومت کو سیاسی پناہ لینے والوں پر نئی شرائط عاید کرنے کی اجازت مل گئی

واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کو امریکا میں سیاسی پناہ لینے والوں پر نئی شرائط عاید کرنے کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کو سیاسی پناہ لینے والوں پر نئی شرائط عائد کرنے کی اجازت مل گئی، ٹرمپ نے اس عدالتی فیصلے کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی پناہ لینے والوں کے لیے شرائط تبدیل بھی کرسکتی ہے۔

اس فیصلے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل میں کہا ہے کہ کورٹ کا فیصلہ ہماری بہت بڑی جیت ہے۔ ملکی میڈیا نے ٹرمپ کے لیے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے امیگریشن عدالتوں کو پابندیوں پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔ جبکہ امریکی عدالتوں میں تاحال سیاسی پناہ کی 8لاکھ درخواستیں زیر سماعت ہیں۔

خیال رہے کہ نائنتھ سرکٹ کورٹ نے سیاسی پناہ لینے والوں پر نئی پابندیوں کو ختم کردیا تھا، ٹرمپ انتظامیہ نے سرکٹ کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مہاجرین کے خلاف سخت حکمت عملی، غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہونے پر پابندی عائد

یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پابندی سے متعلق خصوصی حکم نامے پر دستخط کیا تھا جس کے تحت لاطینی امریکی مہاجرین میکسیکو کے ساتھ لگنے والی امریکی سرحد کو عبور نہیں کرسکیں گے، سرحد پار کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Comments

- Advertisement -