اسلام آباد: حکومتی اتحاد نے پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی اور قانونی محاذ پر سخت فیصلے لینے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعتوں اور پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کے فیصلے پر شرکا کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیاسی اور قانونی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
اجلاس میں پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی اور قانونی محاذ پر سخت فیصلے لینے پر اتفاق کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قانونی اور سیاسی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی سربراہی اعظم نذیر تارڑ اور خورشید شاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی سیاسی محاذ پر اقدامات تجویز کرے گی جبکہ اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں بننے والی قانونی کمیٹی قانوی محاذ پر معاونت فراہم کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی کمیٹی میں تمام جماعتوں کے قانونی ماہرین کو شامل کیا گیا ہے، قانونی کمیٹی الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پی ٹی آئی کیخلاف کاروائی تجویز کرے گی، جس کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے پر قانونی کمیٹی کی رائے پر کابینہ سے منظوری لی جائیگی۔
پی ڈی ایم کاسربراہی اجلاس کل دوبارہ وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔