لاہور: قومی ٹیم کے بلے باز امام الحق کی جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں امام الحق کی شمولیت ممکن نظر نہیں آرہی، نیوزی لینڈ میں امام الحق کے انگوٹھے میں انجری ہوئی، انہوں نے گزشتہ روز انگوٹھے کا ایکسرے کرایا جو ٹھیک نہ آیا جس کے بعد کھلاڑی کی اسکواڈ میں شمولیت مشکوک ہوگئی۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ ایکسرے میں انگوٹھا درمیان سے فریکچر تا حال ٹھیک نہ ہوسکا۔
اس حوالے سے ذرایع کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے امام الحق کو کھیلنے سے منع کرتے ہوئے ڈیڑھ ہفتے آرام کا مشورہ بھی دیا ہے۔ انجرڈ بلے باز پریکٹس بھی نہیں کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ انجری کے باعث امام الحق بغیر کوئی میچ کھیلے نیوزی لینڈ سے وطن واپس آگئے تھے۔
جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کب ہوگا؟
دوسری جانب آج صبح وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی لااینڈآرڈر کا اجلاس ہوا اس دوران دورہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کھلاڑیوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر غور ہوا، کابینہ کمیٹی نے مختلف امور پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شروع ہوگا۔