لاہور(12 فروری 2026): پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر احمد شہزاد کرکٹ سے طویل دوری اور پی ایس ایل میں شامل نہ کیے جانے پر شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
34 سالہ کرکٹر نے نجی ٹی وی چینل پر اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کو اب بھی کھیلتے ہوئے دیکھتے ہیں تو انہیں بہت دکھ ہوتا ہے۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی کھیلنا چاہتے ہیں اور جب ان کے سابق ساتھی کھلاڑی اچھا پرفارم کرتے ہیں تو انہیں خوشی بھی ہوتی ہے، لیکن اپنی موجودہ صورتحال دیکھ کر وہ دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ "ہاں، میں جذباتی ہو جاتا ہوں، مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، میں اب بھی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں، احمد شہزاد نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 18 سال اس کھیل کو دیے، لیکن اب اچانک سب کچھ ہاتھ سے نکلتا دیکھ کر اکثر ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔
احمد شہزاد سب سے زیادہ اس وقت جذباتی ہوئے جب انہوں نے اپنے 9 سالہ بیٹے کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رات کو سوتے وقت ان کا بیٹا ان سے کرکٹ کے بارے میں باتیں کرتا ہے اور اسے یاد ہے کہ اس کے والد کرکٹ کھیلتے تھے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ سب سے زیادہ دکھ اس وقت ہوتا ہے جب بیٹا پوچھتا ہے کہ کیا وہ اسے ایک کرکٹر کے طور پر یاد رکھ پائے گا۔
پی ایس ایل آکشن، عمر اکمل کا نام شامل نہ کرنے پر کامران اکمل سیخ پا
واضح رہے کہ احمد شہزاد نے 2023 میں پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم حال ہی میں انہوں نے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں اپنا نام شامل کیے جانے پر پی سی بی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے محض ایک پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا تھا۔ احمد شہزاد نے 2016 سے 2021 تک پی ایس ایل کے 5 سیزنز میں 45 میچز کھیل کر 1077 رنز بنا رکھے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


