لاہور: مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی اجلاس میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کی تحریک لائے تو اس کی غیرمشروط حمایت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی نائب صدور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ امریکا کے اختتام پر کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری کرنا چاہئے تھا، عمران خان کے دورہ امریکا پرکوئی اعلامیہ ہی جاری نہیں کیا گیا۔
نون لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے نواز شریف سے جیل میں اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لینے کے اعلان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ناخوشگوار صورت حال کی ذمہ داری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر ہوگی۔
مزید پڑھیں: ہمیں گرفتاری سے نہ ڈراؤ، ہر قربانی دیں گے، احسن اقبال
واضح رہے کہ دو روز قبل احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں گرفتاری سے نہ ڈراؤ ہم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، حکمران خود کو گورباچوف ثابت کررہے ہیں، گورباچوف نے بھی اصلاحات کے نام پر روس کو تباہ کیا، ان کو اصلاحات کی الف ب بھی نہیں پتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کے پاس کوئی معاشی ٹیم نہیں ہے، ان کے پاس صرف کردار کشی اور انتقام کا ایجنڈا ہے، ورلڈ بینک نے کہا تھا پاکستان کی اقتصادیات 2018 اور 19 میں 6 فیصد رہے گی، اب کیوں پاکستان کی ترقی 2.8 فیصد تک گر گئی ہے۔