تازہ ترین

پاناما فیصلے کے بعد اب تک ملک کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہنستے بستے ترقی کرتے پاکستان کو لڑھکنے کے راستے پر ڈال دیا گیا۔ جے آئی ٹی بننے سے اب تک ملک کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اسلام آباد کے سستے بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز آگ سے متاثر ہونے والی دکانوں کے مالکان سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے نہ کہ امریکہ کو خوش یا ناراض کرنے کے لیے ہے۔ امریکا کے اس بیانیہ کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے امریکہ سے اربوں ڈالر لیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مشرف دور میں امریکا کو دی گئی گراؤنڈ اور ایئر لاجسٹکس کا جائزہ لیا جائے تو امریکا نے پاکستان کے اربوں ڈالر دینے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پاکستان کے مفادات کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا جبکہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مل کر امن کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ارد گرد بہت سی سازشیں ہورہی ہیں اور موجودہ حالات میں سیاسی انتشار پھیلانا پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پانامہ لیکس پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بننے سے لے کر اب تک پاکستان کا 14 ار ب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے جبکہ بے یقینی کی صورتحال سے پاکستان میں سرمایہ کاری بھی رک گئی ہے۔ نواز شریف کو 10 ہزار درہم کی ممکنہ تنخواہ وصول نہ کرنے پر نکالا گیا جس کی قیمت پاکستانی قوم کو 14 ارب ڈالر ادا کرنا پڑی۔

ڈان لیکس کی تحقیقات منظر عام پر لانے کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ اس معاملہ کی فوجی اور سول اداروں نے مل کر تحقیقات کیں اور اسے اتفاق رائے سے منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔ ڈان لیکس ماضی کا ایک باب تھا جو بند ہو چکا ہے موجودہ صورتحال میں قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔


Comments

- Advertisement -