اسلام آباد : وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ جمعہ کو سامنے آجائے گا اور کوئی ایسی آئینی ترمیم نہیں لائی جائے گی جس سے آئین کی بنیاد کمزور ہو۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا مسودہ جمعہ کو سامنے آ جائے گا اور یہ ترمیم شفاف اور مشاورت کے عمل کے ساتھ آگے بڑھائی جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ کوئی ایسی آئینی ترمیم نہیں لائی جائے گی جس سے آئین کی بنیاد کمزور ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا مقصد میثاقِ جمہوریت پر عملدرآمد اور عدلیہ کو مضبوط کرنا ہے، جبکہ پارلیمنٹ میں اس پر تفصیلی بحث کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاعی ڈھانچہ 1971 کے بعد سے مؤثر تبدیلیوں سے محروم ہے، اس لیے مضبوط دفاع کے لیے نئی ترمیم کے تحت اصلاحات لانا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ “مضبوط عدلیہ، مضبوط دفاع اور مضبوط جمہوریت ہماری خواہش ہے، اپوزیشن پاکستان کی مضبوطی کے لیے آئینی ترمیم پر اپنی تجاویز دے۔”
دورہ برطانیہ کے دوران احسن اقبال نے کیبنٹ آفس اور کالٹن ہاؤس میں برطانوی حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں ماحولیاتی تبدیلی اور گورننس سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
انہوں نے نو منتخب میئر نیویارک ظہران ممدانی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ظہران ممدانی نے سیاست میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے، ان کی جیت امریکی جمہوریت کا حسن ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ظہران ممدانی متوسط طبقے اور تارکِ وطن کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں، دعا ہے کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جبکہ مریم نواز ماحولیاتی کانفرنس (COP) میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے برطانیہ میں قیام کریں گی۔


