کراچی (7 مئی 2026): مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے کامیاب استعمال کے بعد اب مشہور کھیل کرکٹ میں بھی اس کے استعمال کی تیاری کی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرکٹ میں بھی اب مصنوعی ذہانت استعمال کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور اسکے ذریعہ چھکے لگانے کی صلاحیت میں اضافے کا منصوبہ ہے۔
اس سلسلے میں گیندوں پر چپ لگا کر اہم ڈیٹا حاصل کرنے کی آزمائش شروع ہو چکی ہے۔
تین انگلش کاؤنٹیز کینٹ، لنکا شائر اور گلیمورگن نے اے آئی کا استعمال شروع کردیا ہے جس سے چھکے لگانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اس نئی ٹیکنالوجی میں گیند کے اندر ایک چھوٹی سی چپ نصب کی گئی ہے، یہ چپ اور ساتھ موجود سینسرز گیند کی حرکت، رفتار اور زاویے جیسے اہم ڈیٹا کو ریکارڈ کرتے ہیں، جس سے کھلاڑیوں کی تربیت اور سلیکشن کا طریقہ بدل سکتا ہے۔
اس سسٹم کے ذریعے بیٹ اور گیند کی رفتار، شاٹ کا زاویہ اور دیگر تفصیلات معلوم کی جا سکتی ہیں۔
یہ ٹیکنالوجی آرس سمولیشنز نے تیار کی ہے جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کر کے نیٹ پریکٹس کو حقیقی میچ جیسا بنایا جا سکتا ہے، سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بیٹرز کو ہر شاٹ کے ممکنہ نتیجے کا اندازہ ہوتا ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کھیل میں انقلاب کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے، جس سے کھیل میں ڈیٹا کا استعمال بہت بڑھ جائے گا۔ تاہم انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ یہ انسانی مہارت کو ختم کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی کھلاڑی کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


