اسلام آباد : حکومتی اتحادی اورمسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے دعویٰ کیا ہے کلہ نوازشریف اور بینظیر بھٹو سمیت سب ڈیل کر کے آئے، بانی پی ٹی آئی سے بھی ڈیل ہی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادی اور مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے موجودہ حکومت کی کارکردگی اور ملکی سیاسی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اب بھی رابطے موجود ہیں اور ماضی کی طرح ان سے بھی ڈیل ہی ہوگی۔
حکومتی اتحادی اور مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق نے اے آر وائی نیوز کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں حکومتی پالیسیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈلیورکرنا حکومت کا کام ہے لیکن وہ کسی بھی شعبے میں تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھا سکی۔
اعجاز الحق نے انکشاف کیا بانی پی ٹی آئی سے اب بھی رابطے ہیں اور ماضی میں بھی ڈیل کی کوششیں ہوئیں، درمیانی راستہ نکالنا پڑے گا اور 26 نومبر والے لانگ مارچ سے پہلے یہ نکالا بھی گیا۔
سربراہ مسلم لیگ (ضیاء) کا کہنا تھا کہ نوازشریف، بے نظیر سمیت سب ڈیل کر کے آئے، بانی پی ٹی آئی سےبھی ڈیل ہی ہوگی، ایک لائن ڈرا کرنی پڑے گی کہ یہ حد ہے اور اسکو کسی نےعبور نہیں کرنا ہے۔
اعجاز الحق نے کہا "حکومت نے ہر چیز آؤٹ سورس کر دی ہے جو کہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت خود آرام چاہتی ہے اور کہتی ہے کہ بس ان کو (فورسز کو) لڑنے دو اور شہید ہونے دو۔”
ان کا کہنا تھا کہ فورسز اپنا کام کر رہی ہیں لیکن کچھ معاملات سیاسی طور پر حل کرنے والے ہوتے ہیں ، بیرونی دورے بہت ہورہےہیں لیکن ملک کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، کہیں نا کہیں آپ کو سمجھانا پڑتا ہے کہ بس کرو ورنہ اور بھی کچھ ہوسکتا ہے۔
سربراہ مسلم لیگ (ضیاء) کا مزید کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں حکومت مشکل میں ہے اوربھاگ دوڑ بہت کررہےہیں ، پاکستان میں یہ پتہ نہیں لگتا آج جس تخت پر بیٹھے ہیں تو کل اس کا تختہ ہوجاتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ آج بھی سمجھا جا رہا ہے، دوسری پارٹی نہیں آسکتی توکوئی پتہ نہیں کل کیا ماحول بن جائے، نوے میں یہ غلطی نوازشریف اور بے نظیر بھٹو کرچکے ہیں۔


