شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عینا آصف کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر میرے جعلی اکاؤنٹ کے لاکھوں فالوورز ہونے پر میری ہی ویڈیو فلیگ ہوگئی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پرورش‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ عینا آصف نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ انسٹاگرام کے علاوہ میں کوئی دوسرا سوشل میڈیا اکاؤنٹ استعمال نہیں کرتی۔
یہ پڑھیں: میں بچی ہوں لیکن لوگ کمنٹس میں خیال نہیں کرتے، عینا آصف
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنی انسٹاگرام کی ویڈیو ایک مرتبہ ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی تو وہ بین کردی اور کہا کہ آپ نے کانٹینٹ کاپی کیا ہے کیونکہ جو میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ تھا اس کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی اور انہوں نے وہ ویڈیو لگائی ہوئی تھی۔
عینا آصف نے کہا کہ اب میں اس طرح کے اکاؤنٹس کو دیکھ کر رپورٹ کروں گی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ابھی شناختی کارڈ نہیں بنا لیکن 9 ماہ کے بعد بن جائے گا۔
میزبان نے کہا کہ لوگ باتیں کرتے ہیں کہ اتنی چھوٹی سی ہے اور ہیروئن آرہی ہے؟ عینا آصف نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہماری جو اداکارائیں ہیں ان میں سے زیادہ تر نے چھوٹی عمر سے اداکاری شروع کی بس میں نے ان سے اور پہلے اداکاری شروع کردی ہے۔


