کراچی (21 مئی 2026): کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کا ایئر کارگو اسکینڈل بے نقاب کر دیا۔
حاصل دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کارگو ہینڈلنگ کمپنی پر 2 ارب 70 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا، کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قیمتی الیکٹرانکس کی اسمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرکارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ
ایف بی آر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جعلی گیٹ پاسز کے ذریعے آئی فون، لیپ ٹاپ، میک بک اور آئی پیڈ غیر قانونی کلیئر کیے جاتے رہے، کمپنی غیر قانونی کلیئرنس اسکینڈل میں ملوث پائی گئی۔
تحقیقات میں مہنگی الیکٹرانکس اشیا کسٹمز ڈیوٹی کے بغیر نکالنے کا انکشاف ہوا۔
دستاویز کے مطابق ایئروے بل چھپانے، جعلی گیٹ پاس بنانے اور ریکارڈ حذف کرنے کا الزام ہے، ایف بی آر نے 22 کروڑ 10 لاکھ روپے ڈیوٹی اور ٹیکس ریکوری کا بھی حکم دے دیا۔
ایف بی آر حکام نے کہا کہ سامان بغیر گڈز ڈکلیریشن اور ٹیکس ادائیگی کے باہر منتقل کیا گیا، کسٹمز قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکار بھی زیرِ تفتیش ہیں۔
دستاویز کے مطابق تحقیقات میں کمپنی کے سسٹم سے جعلی گیٹ پاسز جاری ہونے کا انکشاف ہوا، کسٹمز حکام نے 8 ملزمان گرفتار کر لیے جن میں جیریز ڈناٹا کے 5 ملازمین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون ملازمہ نے سپروائزرز کے حکم پر جعلی گیٹ پاس جاری کرنے کا اعتراف کر لیا، گرفتار کارگو ایجنٹ نے کئی سال سے سرگرم منظم نیٹ ورک کا انکشاف کر دیا۔
وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی بڑے پیمانے پر کارگو فراڈ کی تصدیق کر دی۔ ایف بی آر کے مطابق کارروائی کے بعد ملک بھر میں ایئر کارگو نگرانی مزید سخت کر دی گئی۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں


