اسلام آباد : پاک فضائیہ کے مایہ ناز فائٹر پائلٹ گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ)سیف الاعظم انتقال کر گئے ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نےانھیں خراج عقیدت پیش گیا۔
تفصیلات کے مطابق 1965 کی پاک بھارت جنگ میں شاندار کارنامے دکھانے والے پاک فضائیہ کے مایہ ناز ہوا بازگروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) سیف الاعظم طویل علالت کے بعد بنگلہ دیش میں انتقال کر گئے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے عظیم جنگی ہیرو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے1965کی پاک بھارت جنگ اور 1967کی عرب اسرائیل جنگ میں ان کے جرات مندانہ کارناموں کو سراہا۔
ائیر چیف نے مزید کہا کہ وہ ایک غیر معمولی فائٹر پائلٹ تھے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے لیے ہمیشہ یاد رہیں گے۔
خیال رہے گروپ کیپٹن ( ریٹائرڈ) سیف الاعظم 1941ء میں مشرقی بنگال کے ضلع پبنا میں پیدا ہوئے، انہوں نے نے اکتوبر 1960ء میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا، 1965 ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران سیف الاعظم پی اے ایف بیس سرگودھا میں موجود نمبر 17 اسکواڈرن میں تعینات تھے۔
بھارتی افواج پر بارہ حملوں میں بھاری نقصان پہنچانے کے علاوہ انہیں ایک بھارتی جنگی طیارہ مارگرانے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس جنگ میں ان کی فرض شناسی اور بے مثال جرات کے اعتراف میں انہیں ”ستارہ جرات” سے نوازا گیا۔
گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) سیف الاعظم کواس وقت بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی ، جب انہوں نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں تین اسرائیلی طیاروں کو تباہ کیا،اس جنگ میں ان کی غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں انہیں اردن اور عراق کی حکومتوں نے فوجی اعزازات سے نوازا۔
سن 2001 ء میں امریکی حکومت نے انہیں دنیا کے بہترین ہوابازوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ‘ Living Eagle’ کا ٹائٹل بھی عطا کیا۔