کراچی : ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں جنرل زبیر محمود حیات نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔
اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور سے خصوصی ملاقات کی اور سرحدوں کی حالیہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع میں ہراول دستے کی حیثیت رکھتی ہے اور حالیہ کشیدگی میں قوم کی توقعات پرپورا اتری ہے۔
اس موقع پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ دشمن کو اس کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ ملکی دفاع کو یقینی بنائے گی۔
مزید پڑھیں: وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان
انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ پاک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اپنی بھرپور قوت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔