پیر, اپریل 20, 2026
اشتہار

آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کو شکست دی، رافیل طیاروں کی صلاحیت صفر ثابت ہوئی: ایئر چیف مارشل

اشتہار

حیرت انگیز

رسالپور (2 دسمبر 2025): ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کے دانت کھٹے کیے، رافیل طیاروں کی صلاحیت پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئی۔

رسالپور میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والوں کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس ہمارا سرمایہ ہیں، سعودی کیڈٹس کو بھی پاسنگ آؤٹ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی موجودگی دونوں ممالک اور ان کی مسلح افواج میں دوستی اور تعاون کی علامت ہے، آپ لوگ فضائی حدود کے رکھوالے ہیں، خود کو جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ مند کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں کامیابیاں پاک فضائیہ کی صلاحیت کا ثبوت ہیں، ایئر چیف مارشل

ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاک فضائیہ ہر دور میں مضبوط دفاعی لائن ثابت ہوئی، پاکستان کی سالمیت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، بنیان المرصوص میں پاک فضائیہ نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، رافیل طیاروں کی صلاحیت پاک فضائیہ کے سامنے صفر ثابت ہوئی، پاک فضائیہ نے سائبر وارفیئر میں اپنی برتری ثابت کی، معرکہ حق میں ہماری تیاری اور صلاحیت دنیا نے دیکھ لی، دشمن کے جدید طیاروں کو پاک فضائیہ نے مار گرایا، دشمن کی ہر حرکت کو مانیٹر کیا، ہم نے کم وقت میں جدید ٹیکنالوجی حاصل کی، ہمارے ایکشن اور آپریشن لمحوں میں کارگر ثابت ہوتے ہیں۔

دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا

ایئر چیف مارشل نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے اثاثے بہترین اور مضبوط ہیں، آپ کی تربیت اور جذبہ پاک فضائیہ کی طاقت ہیں، پاک فضائیہ نے 6 اور 7 مئی کی شب کو دشمن کی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیا، 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ہماری امن کی خواہش کو چیلنج کیا تو دشمن کو منہ کی کھانا پڑے گی

’معرکہ حق میں کامیابی پاک فضائیہ کی تیاریوں کی مظہر ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ پاکستان عالمی امن کیلیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہم کثیر الجہتی آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاک فضائیہ کا ہر جوان اور ہر افسر ملک و قوم کی خدمت کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور امن کیلیے کردار ادا کر رہا ہے۔ کسی نے ہماری امن کی خواہش کو چیلنج کیا تو اسے منہ کی کھانا پڑے گی۔ ہم ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں، افواج پاکستان پر قوم کا بھرپور اعتماد ہمارے لیے باعث تقویت ہے۔ آج کی جدید دنیا میں پاک فضائیہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہے۔ ہماری خود مختاری کو چیلنج کیا گیا تو دشمن پاک فضائیہ کو بہت زیادہ مضبوط اور بہتر تیار پائے گا۔‘

پاک فضائیہ نے جدید لڑاکا طیاروں و ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ وقت میں شامل کیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پُرامن ملک ہے اور سب کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے، ہماری قوم پاک فضائیہ کی ہمت اور جرات پر فخر کرتی ہے، یہ فتح ہماری قومی قیادت کے پختہ عزم کا ثبوت ہے، پاک فضائیہ نے تمام افواج کے ساتھ مل کر بہادری اور ہم آہنگی سے وطن کا دفاع کیا، پاک فضائیہ نے انڈکشن پروگرام کے ذریعے جدید لڑاکا طیاروں و ٹیکنالوجیز کو ریکارڈ وقت میں شامل کیا۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی آپریشنل ڈاکٹرائن کو جنگی تصورات اور حکمت عملی کے مطابق ترتیب دیا، حالیہ تصادم نے جدید دور کی فضائی لڑائی کیلیے ایک نصابی مثال قائم کر دی ہے۔

’دنیا نے اس سے پہلے کبھی فضائی طاقت کے اتنے جرات مندانہ استعمال کو نہیں دیکھا۔ ہمارا مقصد تھا عزت کے ساتھ امن قائم ہو، معرکہ حق کی فتح تینوں افواج کی ہم آہنگی، جارحانہ فیصلہ سازی اور فیلڈ مارشل کی قیادت کا نتیجہ ہے، معرکہ حق میں کامیابی قومی طاقت اور سب سے بڑھ کر اللہ کی خصوصی رحمتوں کا نتیجہ تھی۔‘

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں