تازہ ترین

کرونا وائرس کو ختم کردینے والا فلٹر

امریکی ماہرین نے ایسا فلٹر بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو کرونا وائرس کو پکڑ کر ختم کرسکتا ہے، ماہرین اس فلٹر کا ایک ڈیسک ٹاپ ماڈل بنانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکسس میں یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے ماہرین نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر یہ فلٹر تیار کیا ہے اور اسے ایک ٹریپ قرار دیا ہے۔

فلٹر کے ٹیسٹ کے دوران دیکھا گیا کہ کرونا وائرس جب نکل فوم سے بنے ہوئے فلٹر سے گزرا تو ایک ہی دفعہ میں اس کا 99.8 فیصد حصہ 392 ڈگری فارن ہائیٹ کے باعث جل گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ فلٹر ایئرپورٹ، طیاروں، بحری جہازوں، دفاتر اور اسکولز کے لیے کارآمد ہوسکتا ہے۔

اس فلٹر کو نکل فوم سے بنایا گیا ہے اور ابتدا میں نکل فوم کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے حرارت کو کم رکھا گیا لیکن اس سے وہ وائرس کو ختم کرنے کے لیے وقت لینے لگا، تاہم اس کا حل فوم کی موٹی تہہ سے نکالا گیا۔

نکل فوم کی موٹی تہہ نصب کرنے کے بعد درجہ حرارت کو بڑھایا گیا جس کی وجہ سے اس فلٹر کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوا۔

ماہرین نے اس نوعیت کا ایک ڈیسک ٹاپ ماڈل بنانے کی بھی تجویز پیش کی ہے جو فوری طور پر صرف ایک شخص کے ارد گرد کی ہوا کو صاف کردے گا۔

فی الحال یہ فلٹر ان مقامات کو فراہم کیا جائے گا جو موجودہ حالات میں اہم ہیں جیسے اسپتال اور ہیلتھ کیئر مراکز۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح ایسے فلٹرز کو اسکولوں میں نصب کرنا ہے تاکہ ننھے بچے کرونا وائرس سے محفوظ رہیں۔

Comments

- Advertisement -