نئی دیلی : بھارت7ماہ بعد ایئر انڈیا طیارہ حادثے کی تحقیقات تو مکمل نہ کرسکا تاہم حادثے میں ہلاک پائلٹ کے بھتیجے کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی 7 ماہ بعد بھی جون میں پیش آنے والے ایئر انڈیا کے المناک حادثے کی تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام رہی ہے، جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے حادثے میں ہلاک پائلٹ کے بھتیجے کیپٹن ورون آنند کو نوٹس بھیجا، حالانکہ وہ حادثے کے وقت پرواز میں موجود نہیں تھا۔
پائلٹس کی تنظیم نے اسے فیملی کو ہراساں کرنے کی کوشش قرار دیا ہے جبکہ حادثے میں ہلاک پائلٹ کی فیملی نے بھی بھارتی تحقیقات پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات میں انصاف اور پیشہ ورانہ رویہ نظر نہیں آ رہا۔
فیڈریشن آف انڈین پائلٹس نے اس اقدام کو خاندان کو ہراساں کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معاملہ صرف حادثے کا نہیں بلکہ بھارت میں ادارتی بدانتظامی اور نااہلی کی کھلی تصویر بھی پیش کرتا ہے۔
اس سے قبل تحقیقاتی ادارے نے پائلٹ کے والد کو بھی نوٹس جاری کیا تھا، جس پر فیملی میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔


