تازہ ترین

طیارہ حادثہ ،کمپنی ایئربس کی فرانسیسی ٹیم کا جائے حادثہ کا دورہ، ملبے اورتباہ مکانات کاجائزہ

کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں معاونت کے لئے ائر بس کمپنی کی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے ملبے اورتباہ مکانات کاجائزہ لیا، ٹیم تباہ ہونیوالے طیارے کا بلیک باکس اور انجن اپنے ساتھ فرانس لے کر جائےگی ، جس سے اہم شواہد سامنے آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات کا عمل جاری ہے، ائیربس کی گیارہ رکنی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، ٹیم خصوصی پرواز’’اے آئی بی 1888‘‘سے کراچی پہنچی اور جائے حادثہ کا دورہ کیا، اس موقع پر پی آئی اے، سول ایوی ایشن اور تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان بھی موجود ہے۔

ائر کرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ اور سی اے اے کی جانب سے طیارہ ساز کمپنی ایئر بس کے ماہرین کو بریفنگ دی گئی اور تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے فرانسیسی ٹیم کو اب تک کی تمام تحقیقات اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے طیارے سے ملنے والے بلیک باکس اور وائس ڈیٹا ریکارڈر کے متعلق بریفنگ دی ، طیارہ حادثے کی تحقیقات میں انتہائی اہمیت کے حامل دونوں آلات ائر بس ٹیم کے حوالے کیے جائیں گے۔

ائربس کی جانب سے دونوں آلات کو دی کورڈ کیا جائے گا ، ڈی کورڈ ہونے کے بعد جہاز کی روانگی سے گرنے تک کپتان اور معاون کپتان کی مفصل گفتگو سنی جاسکے گی جبکہ دوران پرواز مختلف ریجن کے ائر ٹریفک کنٹرولرز اور دونوں کپتانوں کے صوتی رابطوں کو بھی سنا جاسکے گا۔

بلیک باکس ڈی کورڈ ہونے کے بعد اس بات کا بھی تعین ہوگا کہ دونوں کپتانوں نے ٹیک آف سے لینڈنگ تک جہاز کے اندورنی آلات کو کس انداز میں استعمال کیا اور اس بات کا جائزہ لینے بھی مدد ملے گی کہ کاک پٹ عملے نے ائربس کے طے شدہ پراسیجر پر کس حد تک عمل کیا۔

سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے متعلقہ افسران جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا ، جائے حادثہ پر سی اے اے کا فائر ڈپارٹمنٹ اور پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی اور انجینئرنگ کے افسران نے جائے حادثہ پر بریفنگ دی۔

ائربس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے کا معائنہ کیا اور طیارے کے انجنوں،لینڈنگ گیئر،ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا ، ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا بھی معائنہ کیا جبکہ طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔

فرانسیسی ماہرین پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو تکنیکی معاونت فراہم کررہےہیں ، ٹیم تباہ ہونیوالےطیارےکابلیک باکس اور انجن اپنےساتھ فرانس لےکرجائےگی، طیارےکےبلیک باکس،انجن سےتحقیقات میں اہم شواہدسامنےآئیں گے۔

فرانسیسی ٹیم جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کےرن وےنمبر25ایل کادورہ کرے گی ، رن وےپرلگےسی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مددسےبریفنگ دی جائےگی ، فرانسیسی ماہرین سولہ گھنٹے تحقیقات اور درکارمواد لے کر آج رات دس بجےواپس روانہ ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں : بدقسمت طیارے کا وائس ڈیٹا ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا

یاد رہے بدقسمت طیارے کا وائس ریکارڈ اور بلیک باکس مل گیا ہے ، جسے ایئر بس کی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اہم آلات کے ذریعے حادثے کی وجوہات کا تعین ہوگا۔

دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے، دوران پرواز اپروچ کے وقت ایئر ٹریفک کنٹرولر کو ہوا بازی کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق آربٹ دینا چاہئے تھا اور لینڈنگ سے قبل چیک گیئرز ان لاک کے عمل کو ہر صورت ممکن بنانا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں