کراچی : پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے حالیہ نوٹم اور پاکستانی فضائی حدود کے جزوی بند ہونے کی غلط اطلاعات پر اصل صورتحال واضح کردی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملکی فضائی حدود سے متعلق افواہوں پر وضاحت جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر محفوظ اور ہر قسم کے کمرشل آپریشنز کے لئے دستیاب ہے۔
پی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ نوٹم اے0134/26 کسی جزوی بندش نہیں بلکہ صرف مخصوص روٹس کی عارضی عدم دستیابی ظاہر کرتا ہے۔
کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجنز میں مخصوص (اے ٹی ایس) روٹس روزانہ صبح 9 سے دن 3 بجے تک متاثر ہوں گے۔ متبادل ائیرپورٹس اور راستے دستیاب ہیں جو معمول کے مطابق استعمال ہو رہے ہیں۔
اس کے تحت کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجنز کے اندر مخصوص ائیر ٹریفک سروسز روٹس کے بعض حصے عارضی طور پر روزانہ 900 سے 1500 پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم تک 3 مارچ سے 31 مارچ 2026 تک آپریشنل وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق تمام کمرشل فلائٹس، آمد، روانگی اور اوور فلائٹس پر کوئی پابندی نہیں، غیر مصدقہ خبریں، بالخصوص نوٹمز کی غلط تشریح مسافروں کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
پی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور تمام ایئرپورٹ ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں اور ٹریفک کو معمول کے مطابق کنٹرول کر رہے ہیں۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


