The news is by your side.

Advertisement

’’حکومت اس اپوزیشن سے نہیں گرنے والی‘‘

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ حکومت اس اپوزیشن سے گرنے والی نہیں ہے اس کے لیے آصف زرداری سے مشورے کرنا ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز کے والد اور بھائی بھاگے ہوئے ہیں، مریم اکیلی کافی نہیں نواز شریف کو لانگ مارچ کے لیے واپس آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جس کا نمبر زیادہ ہوتاہے اپوزیشن لیڈر اس کا حق ہوتا ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سے متعلق پیپلزپارٹی کے ممبر زیادہ ہیں، اپوزیشن لیڈر کے لیے پی پی کا اقدام غلط نہیں تھا۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کو بی اے پی سے ووٹ نہیں لینا چاہیے تھا، ووٹ لیا تو اسٹیبلشمنٹ کے الزام بھی لگیں گے، ہمیں بی اے پی کے ساتھ ن لیگ سے بھی دور رہنا چاہیے۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا بیرون ملک جانا سو فیصد ڈیل تھی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ یا دھرنے دینا کوئی آسان کام نہیں، مریم نواز نے جو جلسے کیے ایسے جلسوں پر 10، 15 کروڑ روپے لگتے ہیں، ایسے جلسوں کے لیے پیسے کہاں سے آتے ہیں بڑے معاملات ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی لحاظ سے درست ہے، اپوزیشن کے 54 ممبران ہوگئے ہیں تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں