پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

ویڈیو کی اصل ریکارڈنگ پیش کرنا مریم نواز کا کام ہے، اعتزاز احسن

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ویڈیو کی اصل ریکارڈنگ پیش کرنا مریم نواز کا کام ہے، فرانزک اس وقت ہی ہوگا جب اصل ویڈیو ریکارڈنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے میڈیا کو ویڈیو دکھائی اور کوئی سوال بھی نہیں لیا، مریم نواز سے پہلا سوال یہی بنتا ہے کہ اصل ویڈیو کہاں ہے، ویڈیو ریکارڈنگ کرنے والے کوبھی تصدیق کے لیے پیش ہونا ہوگا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ بنیادی ثبوت ہو تو ثانوی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکتا، ویڈیو کی فرانزک مریم نواز کو کرانی چاہئے، قانونی طور پر صرف ویڈیو نہیں کیمرا بھی پیش کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو تو ویڈیو کی فرانزک کے لیے بے تاب ہونا چاہئے تھا، ویڈیو دکھائی تو ساتھ میں فرانزک کی درخواست بھی ہونی چاہئے تھی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومتی ادارے کو نہیں بلکہ مریم نواز کو ویڈیو لے کرعدالت جانا چاہئے، حیرت ہے مریم نے عدالت میں ویڈیو پر درخواست کیوں نہیں دی۔

مزید پڑھیں: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قراردے دیا

انہوں نے کہا کہ محترمہ جلسوں میں نعرے لگواتی رہیں تو عدالت سوموٹو پر مجبور ہوگی۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ مذاق نہیں ہے قطری خط سے بھی زیادہ سنجیدہ معاملہ ہے، قطری خط تو ایک مذاق تھا یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چند روز قبل احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک مبینہ ویڈیو پریس کانفرنس میں چلائی تھی جس کے بارے میں مریم نواز کا دعویٰ تھا کہ ویڈیو نواز شریف کے ایک چاہنے والے نے بنائی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے معزز جج ارشد ملک نے مریم نواز کی پریس کانفرنس دکھائی گئی ویڈیو کو حقائق کے برعکس قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ میری ذات اور خاندان کی ساکھ متاثر کرنے کی سازش کی گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں