جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

عمران خان کے نئے پاکستان کو تسلیم نہیں کرتا چاہے مجھے پھانسی چڑھا دیا جائے، وزیراعظم آزادکشمیر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ میری حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے، نواز شریف کی صورت میں ایک کشمیری کو گھر رخصت کر دیا گیا اور اب انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے،عمران خان کے نئے پاکستان کو تسلیم نہیں کرتا چاہے مجھے پھانسی چڑھا دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان سے الحاق سے متعلق میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، پاکستان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کا رشتہ بہت مضبوط ہے، میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرکے بھارت کو پاکستان اور کشمیر مخالف بات کرنے کا موقع دیا گیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ سارے کشمیرکو پاکستان اورسارے پاکستان کو کشمیر سمجھتا ہوں، انڈین میڈیا نے میرے بیان کو بہت زیادہ اچھالا، پاکستان کے ساتھ انکی حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے، نواز شریف کی صورت میں ایک کشمیری کو گھر رخصت کر دیا گیا اور اب انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

- Advertisement -

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان کو تسلیم نہیں کرتا چاہے مجھے پھانسی چڑھا دیا جائے، قائد اعظم کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی بات کی تھی کیونکہ قائد اعظم کا پاکستان ہی انہی کا پاکستان ہے، ساے کشمیر کو پاکستان او ر سارے پاکستان کو کشمیر سمجھتا ہوں، مجھ پر ایک سنگین الزام عائد کیا گیا، میں نے جس ملک سے مستقبل وابستہ کیا ہے اس کے بارے میں مجھے تشویش ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میرا ملک ہے، مجھے پورا حق ہے کہ ملک سے متعلق بات کروں، آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر الزام لگا کر بھارت کو خوش نہ کیا جائے، اپنے بیان کی وضاحت گذشتہ روز ہی دیدی تھی، غلط خبر دینے والے ادارے نے معذرت کی ہے، متعلقہ ادارے نے خبر نیوز ایجنسی سے لے کر چھاپی تھی۔


مزید پڑھیں : کشمیری پاکستان سےالحاق کےعلاوہ کچھ اور سوچ بھی نہیں سکتے،وزیراعظم آزاد کشمیر


وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عمران خان اور شیخ رشید احمد کی جانب سے ان سے متعلق بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور کشمیریوں کی توہین ہر گز برداشت نہیں کریں گے، خود پر عائد الزامات کے جوابات دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر آبدیدہ ہو گئے، انکا کہنا تھا کہ ایک کشمیری النسل کو رخصت کر دیا گیا اب دوسرے کو رخصت کرنےکی باتیں کی جا رہی ہیں، اس لئے وہ اپنا مقدمہ آزاد کشمیر کی عوام کے سامنے پیش کریں گے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نہیں چاہتا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہل ہوں، نااہلی کا سلسلہ چل نکلا تو بات بہت آگے جائے گی، کیا عمران خان جیسا شخص کسی کا رول ماڈل ہوسکتا ہے، عمران خان نے جواء کھیلنے اور بال ٹمپرنگ کا خود اعتراف کیا تھا، میری کوئی آف شور کمپنی یا بیرون ملک کوئی جائیدار نہیں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان آزاد کشمیر میں میرے خلاف احتجاج کا شوق پورا کر لیں، کشمیری آئندہ عام انتخابات میں شیخ رشید احمد کو راولپنڈی میں بھر پور جواب دیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیرفاروق حیدر کا پریس کانفرنس میں گزشتہ روز ایک اخبار میں چھپنے والے اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذکورہ اخبار نے میرے بیان کو توڑ مروڑ پیش کیا جس سے صرف میری ہی نہیں بلکہ ایک کشمیری کشمیری کی دل آزاری ہوئی ہے، کشمیری پاکستان سےالحاق کےعلاوہ سوچ بھی نہیں سکتے اس کے برعکس چھپنے والے لغو بیان ہے جس کی پُر زور مذمت کرتا ہوں۔


اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں