تازہ ترین

نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، اکرم درانی نے عدالت کا دروازہ کھٹکٹھا دیا

اسلام آباد: آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اکرم درانی کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری کا خدشہ ہے، سابق وفاقی وزیر نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر کے استدعا کی ہے کہ نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے بھیجے گئے سوال نامے کا جواب بھی دے چکا ہوں، لیکن ڈائریکٹر پی ایچ اے کی تعیناتی پر نیب ان کو گرفتار کر سکتی ہے۔

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے، چیف جسٹس ہائی کورٹ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ کل اس کیس کی سماعت کرے گا۔

تازہ ترین:  حکومت اعلان کرے مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اکرم درانی

واضح رہے کہ اکرم درانی حکومت سے مذاکرات کے لیے اپوزیشن کی جانب سے بنائی گئی رہبر کمیٹی کے سربراہ ہیں، آج انھوں نے اسلام آباد میں نیب پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں ہے، کمیٹی بنائی گئی لیکن گالیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے واضح اعلان کرے کہ آزادی مارچ میں کوئی رخنہ نہیں ڈالا جائے گا، پھر رابطہ کرے تو ہم جواب دیں گے۔ پیشیوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جب تک آزادی مارچ رہے گا پیشیاں ہوتی رہیں گی۔

Comments

- Advertisement -