ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اکشے کمار نے ویلکم فرنچائز کی تیسری قسط کا اعلان کرتے ہوئے اس کا ٹیزر جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار آج 7 ستمبر کو اپنی 56ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس موقع پر انہوں نے مداحوں کو خوش کرنے کیلیے زبردست تحفہ پیش کیا۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جیو اسٹوڈیو کے بینر تلے بننے والی ویلکم کی تیسری قسط ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’خود کو اور آپ سب کو سالگرہ کا تحفہ دیا ہے آج۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اگر آپ کو پسند آئے تو شکریہ ضرور کہیں، میں آپ کو ویلکم کہوں گا۔‘ کیپشن میں اداکار نے بتایا کہ فلم 20 دسمبر 2024 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جائے گی۔
احمد خان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کاسٹ میں سنجے دت، ارشد وارثی، پریش راول، جونی لیور، راجپال یادیو، سنیل شیٹی، ڈیشا پٹانی، جیکلین فرنانڈز اور روینہ ٹنڈن و دیگر شامل ہیں۔
فلم ابھی پری پروڈکشن مرحلے ہے جس کے باعث مزید تفصیلات شیئر نہیں کی گئیں۔