کراچی کے ضلع ملیر سے گرفتار ’را‘ کے ایجنٹوں کے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے جاسوسی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کئی سالوں سے حساس مقامات اور تنصیبات کی جیوٹیگنگ اور اہم معلومات ملک دشمنوں تک پہنچاتے تھے۔
یہ پڑھیں: کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 4 مبینہ ایجنٹس گرفتار
را ایجنٹس نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ زیرو پوائنٹ سے تھوڑا آگے جا کر باڑ عبور کرتے تھے اور ستار نامی شخص اور چاچا سموں لیکر جاتے تھے۔
گرفتار ملزمان سجاول سے پاکستانی سرحد عبور کرکے سمندر کے راستے بھارت بھی گئے اور وہاں جا کر بی ایس ایف کے کیمپ نمبر 59 میں رپورٹ کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان نے بتایا کہ متعدد مرتبہ سرحد پار کرکے انڈیا جاچکے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم محمد خان 20 سے زیادہ مرتبہ بھارت جا چکا ہے جبکہ ملزم اختر عرف فوجی 6 مرتبہ بھارت جا چکا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے دستی بم، مختلف ہتھیار موبائل فونز اور سامان برآمد کیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


