اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج پھر ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز سے متعلق سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کریں گے۔
نوازشریف آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، العزیزیہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔
احتساب عدالت میں آج سماعت کے دوران جواب الجواب دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جانے کا امکان ہے۔
العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ آج محفوظ کیے جانے کا امکان
خیال رہے کہ نواز شریف کے خلاف انہی ریفرنسز سے متعلق سماعت گذشتہ روز بھی ہوئی تھی، اس دوران کمرہ عدالت میں نواز شریف بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ العزیزیہ میں فریقین جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں وکیل صفائی کے حتمی دلائل مکمل ہوگئے ہیں۔
گذشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا تھا کہ فلیگ شپ سے نواز شریف کو 7 لاکھ 80 ہزار درہم کے فوائد پہنچے، یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔
دوسری جانب فلیگ شپ ریفرنس میں جبل علی فری زون اتھارٹی سے متعلق نیب کی دستاویزات پر جواب دیتے ہوئے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا تھا کہ جافزا دستاویزات قانونی شہادت کے مطابق تصدیق شدہ نہیں، دیکھنا ہوگا کیا ان دستاویزات کو شواہد کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔