راولپنڈی (11 فروری 2026): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ ہم نے 8 فروری کو گھروں میں بیٹھ کر احتجاج کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میرے خلاف پیش کی گئیں ویڈیوز متنازع ہیں، امید ہے عدالت استغاثہ کی ویڈیوز کو مسترد کرے گی۔
علیمہ خان نے کہا کہ ویڈیوز میں واضح نہیں کہ کون کیا کہہ رہا ہے اور سورس کیا ہے؟ استغاثہ کی اہم شہادت ہمارے نزدیک قابل قبول نہیں، میرے خلاف مقدمہ سیاسی انتقامی کارروائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وکیل سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، کل ہم سب سپریم کورٹ جائیں گے رپورٹ کے بارے میں کل ہی پتا چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ گزشتہ 6 ماہ سے ہے، حکومت کہتی ہے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج کروایا گیا لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ علاج کس نے اور کیسے کیا؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھائی کے ساتھ انصاف کیا جائے۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ 8 فروری کو کامیاب ہڑتال ہوئی، اس سے توجہ ہٹانے کیلیے مختلف خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، ہم نے اس دن گھروں میں بیٹھ کر احتجاج کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


