سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر ہمشیرہ علیمہ خانم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان علیمہ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ بانی پی ٹی آئی سےملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی، 24 مارچ کےحکم پرعملدر آمد نہ کرنے پرتوہین عدالت کی درخواست دائرکی گئی ہے۔
درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل،وفاقی سیکرٹری داخلہ وسیکرٹری داخلہ پنجاب کوفریق بنایاگیا ہے، استدعاکی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم پرعمل نہ کرنےپرذمہ داران کو توہین عدالت کی سزا دی جائے۔
وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے ملاقات کی کوشش کی لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی۔
یہ پڑھیں: پی ٹی آئی کا کراچی پریس کلب پر احتجاج، پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی طرف سے پیغام ملا آپ سے نہیں مل سکتا، ایک ماہ ہوگیا ہے عمران خان کی کوئی خیر خبر نہیں جب تک ملاقات نہیں کرائی جاتی قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس چلنے نہیں دیں گے۔
پی ٹی آئی نے منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر پرامن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا ختم کردیا۔
علاوہ ازیں عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹ میں احتجاج اور شور شرابہ کیا۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ کل بھی جواب مانگا تھا آج بھی مانگ رہے ہیں۔ وزیر قانون کا جواب آنے تک اجلاس میں شامل نہیں ہوں گے جواب آنے تک سیشن نہیں چلنا چاہیے۔
چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا وزیر قانون کو آنے دیں وہ جواب دیں گے۔


