لاہور : بارش اور شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا گیا ، 20 سے 23 جنوری کے دوران شدید برفباری اور بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کے داخلے کے پیشِ نظر صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈی جی خان اور بہاولپور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ایمرجنسی کی تیاری کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات پیشگی مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں بھی ہائی الرٹ رہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے فسیلی ٹیشن سینٹرز قائم کیے ہیں اور دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


